لکھنؤ 8اگست (یواین آئی) ملک میں ثقافتی قوم پرستی اور ہندوتو کے جذبے کو پھیلانے کے لیے وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) 16 اگست سے شروع ہونے والے اپنے 61 ویں یوم تاسیس کی تقریبات کے موقع پر نو روزہ پروگراموں کا اہتمام کرے گی۔ اس کے ذریعے بھگوان کرشن کی دی گئی گیتا کی تعلیمات کو عوام تک پہنچایا جائے گا۔ان پروگراموں کے ذریعے پورے ملک میں تبدیلی مذہب، لو جہاد، تھوک جہاد کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ ذات پات اور لسانی سرحدوں سے بالاتر ہو کر علاقائی ثقافتوں کے ساتھ ہم آہنگی قائم کی جائے گی۔وی ایچ پی کے قومی ترجمان ونود بنسل نے یو این آئی کو بتایاکہ اس تقریب کا مقصد ملک بھر میں ہندو برادری کو ثقافتی پیرامیٹرز پر متحد کرنا ہے اور انہیں ان کے بنیادی ہندوتوا کے اصولوں سے بھی آگاہ کرنا ہے ۔ تنظیم نے ملک بھر میں کم از کم ایک لاکھ مقامات پر پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس میں مذہبی تقریریں اور ست سنگ کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ مقامی سطح پر 90,000کمیٹیاں بنائی گئیں۔بنسل نے کہاکہ اس طرح ہم نہ صرف بڑے شہروں بلکہ دیہاتوں تک بھی پہنچ جائیں گے ۔ صرف اتر پردیش میں وی ایچ پی نے ایودھیا، کاشی (وارنسی) اور متھرا جیسے ہندوتوا کے مراکز سمیت کم از کم 8,000 مقامات پر پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔درحقیقت، وی ایچ پی کی اس مہم کو ثقافتی اور ہندوتو اکے پیغام کے مرکب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ، جس کا مقصد اپنی سماجی بنیاد کو وسیع کرنا اور ہندو سماج کو بیدار کرنا ہے ۔