وی کے سنگھ، راوت چار دھام پراجکٹ کا جائزہ لیں گے

   

نئی دہلی، 19فروری (سیاست ڈاٹ کام)روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہ کے مرکزی وزیرمملکت جنرل وی کے سنگھ اور اتراکھنڈ کے وزیراعلی ترویندر سنگھ راوت مرکزی حکومت کے چار دھام پروجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کے جائزہ کی کل شروعات کریں گے اور اسے رفتار دینے کے لئے ضروری فیصلے کریں گے ۔روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہ کے وزیر نتن گڈکری نے اپنی حکومت کی گزشتہ مدت کار کے دوران 12ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے چار دھام آل ویدر پروجیکٹ کی تعمیرات کی شروعات کی تھی۔ اس پروجیکٹ کا مقصد اتراکھنڈ کے گنگوتری، یمنوتری، کیدارناتھ اور بدری ناتھ دھام کے لئے چوڑی سڑک کی تعمیر کرکے ایک ایسا راستہ تیار کرنا ہے جس پر دن رات اور کسی بھی موسم میں آسانی سے یاترا کی جاسکے ۔ پروجیکٹ پران دنوں تیزی سے کام چل رہا ہے ۔ رشی کیش اور اترکاشی کے درمیان چمبا میں ایک ایسی سرنگ تعمیر کی جارہی ہے جو اتراکھنڈ میں اپنی طرح کی پہلی سرنگ ہوگی۔زیرتعمیر پروجیکٹ پر چل رہے کام کے جائزہ کے لئے جمعرات کو دہرہ دون پہنچیں گے ۔ اس کے بعد مسٹر راوت اور مسٹر سنگھ تین دن تک گنگوتری اور یمنوتری دھام کو رشی کیش سے جوڑنے والے راستہ کا نریندر نگر، چمبا، چنیالی سوڈ، دھراسو، بڑکوٹ، جانکی چٹی ہوتے ہوئے اترکاشی پہنچیں گے ۔مسٹر راوت اور مسٹر سنگھ 21فروری کو سری نگر میں حکام کے ساتھ میٹنگ کرکے کیدارناتھ اور بدری ناتھ کو جوڑنے والے روڈ پر چل رہے تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے ۔ اولی میں رات کو آرام کرنے کے بعد اگلے دن دہرہ دون پہنچیں گے ۔ دونوں لیڈر ریاستی حکومت کے ہیلی کاپٹر سے سفر پر جائیں گے ۔