و25 ووٹر آئی ڈی منتقل کرنے والا شخص گرفتار

   

بالاپور میں تلاشی کے دوران پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 20جنوری ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میں جاری انتخابی سرگرمیوں کے دوران ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ نے انتخابی سرگرمیوں کو مزید گرما دیا اور انتخابی عملہ کی نیند اڑادیں ۔ ایک شخص کو بالاپور نے اس وقت گرفتار کرلیا جب واپنے ہمراہ ووٹر آئی ڈی کارڈز کو منتقل کررہا تھا ۔ 16جنوری کے دن یہ واقعہ ایرہ کنٹہ علاقہ میں پیش آیا ۔ تلاشی میں مصروف بالاپور پولیس نے شبہ کی بنیاد ایک آٹو کو روک لیا جس سے اتر کر ایک شخص فرار ہونے کی کوشش میں تھا کہ پولیس نے اس شخص کو حراست میں لیا اور آٹو کی تلاشی کے دوران آٹو سے ووٹر آئی ڈی کارڈز برآمد کئے ۔ بالاپور پولیس نے عبدالرحمن عرف شعیب نامی 22سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا ۔ تقریباً 25 ووٹر آئی ڈی کارڈ ضبط کرلئے ۔ ان آئی ڈی کارڈز کا تعلق جل پلی میونسپلٹی سے بتایا گیا ہے جو بالخصوص وارڈ نمبر 3, 9, 10اور 25 کے بتائے گئے ہیں ۔ بالاپور پولیس نے بتایا کہ شعیب نے تفتیش کے دوران ایک اور شخص فاروق سعدی کا ذکر کیاہے ۔ بالاپور پولیس کے مطابق فاروق سعدی نے سابق میں 500 ووٹر آئی ڈی کارڈز شعیب کے ذریعہ تیار کروائے تھے ۔ شعیب ایک می سیوا سنٹر چلاتا ہے اور وہ فاروق سعدی کے اشارے پر کام کررہا تھا ۔ پولیس بالاپور کو فاروق سعدی کی شدت سے تلاش ہے اور پولیس اس بات کی تحقیقات میں بھی جٹ گئی ہے کہ مفرور شخص کا تعلق کس پارٹی سے ہے اور وہ کس کے اشاروں پر کام کررہا تھا ۔ پولیس شعیب کے بیان کو قلمبند کرچکی ہے اور ہر زاویہ سے تحقیقات جاری ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی جل پلی میونسپلٹی کے وارڈز 3,9,10 اور 25 کی رائے دہی پر خصوصی نظر رکھی جائے گی ۔