موثر حفاظتی انتظامات ، ہنگامی حالات سے نمٹنے فائر انجن چوکس ، 2000 اسٹالس
حیدرآباد۔29 ڈسمبر ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم جنوری تا 15 فبروری نمائش میدان پر 80 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا انعقاد عمل میں لانے کے لئے بڑے پیمانے پر تمام تر انتظامات بالخصوص احتیاطی سیکوریٹی انتظامات تقریبا مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ اور اس کل ہند صنعتی نمائش کا یکم جنوری کو 5 بجے شام ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمو د علی اور ریاستی وزیرا ینمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لایا جائیگا ۔ اس موقع پر میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر بی رام موہن بھی اس افتتاحی تقریب میں شریک رہیں گے ۔ آج یہاں نمائش کلب میں صدر نمائش سوسائٹی حیدرآباد و ریاستی وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر نے سکریٹری نمائش سوسائٹی ڈاکٹر بی پربھا شنکر و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ اظہار کیا اور بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح نمائش کے دوران کسی ناخوشگوار واقعات پیش نہ آنے کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں اور ان انتظامات کے ایک حصہ کے طور پر 3 کروڑ روپئے کے مصارف سے خریدے گئے نمائش میدان میں فائر انجنوں کو رکھا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں نمائش میدان کے احاطہ میں اوپری حصہ میں پائے جانے والے برقی تاروں کو نکال کر تقریباً 2 مربع کیلومیٹر انڈر گراؤنڈ کیبلس بچھائے گئے ہیں۔ ای راجندر نے بتایا کہ کل ہند صنعتی نمائش کے ذریعہ کئی ہزار افراد کو روزگار فراہم ہوتا ہے اور یہ نمائش حیدرآباد و اطراف و اکناف علاقوں میں صنعتی ترقی کیلئے انتہائی ممد و معاون ثابت ہوئی ہے۔ صدر نمائش سوسائٹی ای راجندر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس مرتبہ 500 تا 600 اسٹالس کی کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال تقریباً 2600 اسٹالس لگائے گئے تھے، لیکن اس مرتبہ اس زائد 2000 اسٹالس ہی قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ گزشتہ سال پیش آئے آگ لگنے کے واقعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر فائر اینڈ سیفٹی اور الیکٹریکل سیفٹی (برقی سے حفاظت) کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حالات سے فی الفور نمٹا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش آنے والوں کیلئے پارکنگ کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ راجندر نے نمائش سوسائٹی کی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت نمائش سوسائٹی کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات بشمول حیدرآباد میں جملہ181 تعلیمی ادارے چلائے جارہے ہیں۔ ان تعلیمی اداروں کے ذریعہ تقریباً 30 ہزار طلباء و طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ان تعلیمی اداروں کے ذریعہ تقریباً 2,000 تدریسی اور غیرتدریسی عملہ کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ نمائش میں کیروسین اور اسٹوز وغیرہ کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور فائر سیفٹی کیلئے خصوصی طور پر 40 افراد کا تقرر کیا گیا ہے اور اس مرتبہ اسٹالس کی تعداد میں کسی قدر کمی کرتے ہوئے عوام کو گھومتے پھرنے کیلئے وسیع تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ نمائش کے انعقاد کیلئے درکار تمام تر اجازتیں حاصل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کل ہند صنعتی نمائش 80 سالہ قدیم ہے اور سال 1938ء میں پہلی نمائش کا باغ عامہ میں انعقاد عمل میں لایا گیا تھا اور سال 1946ء میں اس کل ہند صنعتی نمائش کو موجودہ نمائش میدان میں منتقل کیا گیا تھا اور ہر سال اوسطاً 20 لاکھ شائقین نمائش سالانہ کل ہند صنعتی نمائش کا مشاہدہ کرتے ہیں بلکہ تفریح کرتے ہیں۔ نمائش کے دوران کسی بھی حالات سے نمٹنے کیلئے آڈیو ویژول وائر لیس کمیونیکیشن کے علاوہ کمانڈ کنٹرول قائم کیا گیا ہے اور اس موقع پر سوسائٹی کے عہدیدار بھی موجود تھے۔