نئی دہلی: آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر اس بجٹ سے کافی توقعات وابستہ ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سرمائے کے اخراجات اور ہندوستان کو مینوفیکچرنگ کا مرکز بنانے کی حکمت عملی پر توجہ ترقی اوراس کی بحالی کو فروغ دیتی رہے گی۔ مرکز کو مالی استحکام پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس راستے پر چلنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہارفیوچر جنرلی انڈیا انشورنس کے ایم ڈی اور سی ای اوانوپ راؤنے یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کیا ۔انھوں نے مزید کہا کہ جہاں تک انشورنس سیکٹر کا تعلق ہے ، ہم اس سال بڑی تبدیلیوں کی امید کر رہے ہیں۔ بیمہ کے شعبہ میں ایف ڈی آئی کی حدکو 100 صد تک بڑھانے ، جس کا کافی دنوں سے مطالبہ کیا جارہا ہے ،کی تجویز کو بجٹ 23 کے دوران اٹھایا جا سکتا ہے ، جو ان بیمہ کنندگان کے لیے فائدہ مند ہو گا جنہیں نیاسرمایہ ملے گا۔ صحت کی دیکھ بھال کی لاگت میں اضافہ کے ساتھ آئندہ بجٹ میں ہیلتھ انشورنس کے لیے کٹوتی کی حد بڑھانابھی اہم معاملہ ہے ۔