بودھن : آج الصبح ٹاؤن پلاننگ آفیسر بلدیہ بودھن رام انجنیلو نے زائد بلدی عملے کے ساتھ جدید بس اسٹانڈ بودھن پہنچ کر سرسوتی نگر سڑک کی کشادگی کیلئے تقریباً 600 میٹر آر ٹی سی سے احاطہ کی دیوار منہدم کردی ۔ ڈپو منیجر رمنا کو اطلاع ملتے ہی انہوں نے موقع واقعہ پر پہنچ کر بلدی عہدیداروں سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپو کے احاطہ کی دیوار گرادیئے جانے پر ڈپو میں موجود تمام ساز و سامان اور مال و اسباب غیر محفوظ ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی عہدیدار دیوار کی انہدامی کارروائی سے قبل انہیں مطلع کردیتے تو وہ اندرون حصہ میں مزید ایک دیوار تعمیر کروالیتے ۔ آر ٹی سی کی دیوار کے علاوہ اس دیوار سے متصل ایک خانگی ہوٹل کو بھی بلدی عہدیداروں نے منہدم کردیا اور ہوٹل کے ملبہ کو ٹریکٹر کے ذریعہ نامعلوم مقام کو منتقل کردیا ۔ بلدی عملے کی اس اچانک انہدامی کارروائی سے بس اسٹیشن کے قریب ہلچل دیکھی گئی ۔