نظام آباد۔ 13 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دو دن قبل ہوئے قتل کی واردات میں پولیس کو کامیابی ملی اور قاتل کو گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر دے دیا۔ اے سی پی نظام آباد کی اطلاع کے مطابق پرچوری وینکٹ رمن نے ٹاؤن 4 پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی کہ ٹورا واٹر پلانٹ سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر ایک نامعلوم شخص ہیں جس کی عمر تقریباً 35 سے 40 سال کے درمیان ہے کسی نے چہرے اور سر پر وزنی ہتھیار سے مار کر ہلاک کر دیا ہے اس کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ پولیس کمشنر سائی چیتنیاکی ہدایت اور اے سی پی راجہ وینکٹ ریڈی نظام آباد کی نگرانی میں ٹاؤن انسپکٹر جی سرینواس راج کی قیادت میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران مقتول کی شناخت دوشی وسنت کمار عرف ٹلّو کے طور پر کی گئی۔مزید تحقیقات میں معلوم ہوا کہ 12؍جون کے روز پانگرا پی کے دیہات کے مضافات میں ایک مشتبہ شخص موٹر سائیکل پر گھوم رہا ہے۔ اس اطلاع پر انسپکٹر جی سرینواس راج، سب انسپکٹر اور دیگر پولیس عملے نے اس کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی۔جس پرملزم نے اعتراف کیا کہ وہ شراب نوشی ، جوا بازی، آن لائن بیٹنگ اور عیاشی کا عادی ہے اور عیاشی کے لیے رقم حاصل کرنے کی نیت سے 7؍جون کے روز عید الاضحی کے دن شام 6 بجے کے قریب گنگاستھان فیز2 کے پاس سے پیشن پرو ٹر سائیکل چوری کی۔ موٹر سائیکل کو فروخت کرنے کے ارادے سے اس نے مقتول وسنت کمار جسے وہ پہلے سے جانتا تھا۔ فون کر کے کہا کہ اسے 25 ہزار روپے کی فوری ضرورت ہے اور موٹر سائیکل گروی رکھ کر رقم دلوانے کی خواہش کی جس پر مقتول نے آر سی کارڈ اور آدھار کارڈ طلب کیا ساتھ ہی 3000 روپے بطور قرض دے دیا۔ بعد ازاں دونوں شراب پینے کے لیے پانگرا گئے۔ وہاں شراب نوشی کے دوران جب مقتول نے موٹر سائیکل کے کاغذات مانگے تو ملزم جواب نہ دے سکا۔ مقتول کو شک ہوا کہ یہ بائیک چوری کی گئی ہے۔ جب اس نے کہا کہ وہ پولیس کو اطلاع دے گا تو ملزم نے پاس پڑے پتھر سے مقتول کے سر اور چہرے پر وار کیا جس کی وجہ یہ برسر موقع ہلاک ہو گیا پولیس نے اس موٹر سائیکل پر مشتبہ حالت میں گاڑی پر گومتے ہوئے پکڑ لیا اور گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر دے دیا ۔ اس کیس کی نمایاں تحقیقات کرنے پر پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔