روم: گزشتہ ماہ جون میں بحرِ اوقیانوس کی گہرائیوں میں ٹائٹن نامی ایک آبدوز کے لاپتہ ہونے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس کے چند ہفتوں بعد ہی کمپنی کے شریک بانی نے نئے مشن کا اعلان کر دیا ہے۔ اوشن گیٹ کمپنی کی یہ آبدوز رابطہ منقطع ہونے کے بعد چند دنوں تک لاپتہ رہی تھی جس میں پاکستانی نژاد برطانوی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے نوجوان بیٹے بھی سوار تھے۔چند دنوں کی کھوج کے بعد آبدوز کا ملبہ مل گیا تھا جس سے اندازہ لگایا گیا کہ آبدوز پھٹنے سے تباہ ہو گئی تھی۔ اس حادثہ کو گزرے ابھی چند ہفتے بھی نہیں ہوئے کہ اوشن گیٹ کے شریک بانی گلرمو سوہنلین نے زہرہ سیارے پر انسانوں کو بھیجنے کے عزم کا اعلان کیا ہے۔ گلرمو سوہنلین جو’ہیومنز ٹو وینس‘ کمپنی کے بانی اور چیئرمین بھی ہیں، انہوں نے امریکی ویب سائٹ انسائڈر سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی کمپنی نظام شمسی کے گرم ترین سیارے پر ایک ہزار انسانوں کی کالونی بسا پائے گی۔واضح رہے بحیر اوقیانوس میں غرقاب ہونے والی اوشن گیٹ کی آبدوز میں گلرمو کے دوست اور شریک بانی سٹاکٹن رَش سمیت چار مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔