ٹائپ رائیٹنگ کی 200 سالہ تاریخ۔ ماضی کی داستان

   

ملازمتوں کے مواقع ختم، کمپیوٹر نے ٹائپ رائیٹنگ پر سبقت حاصل کرلی
حیدرآباد ۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) ٹیکنالوجی کے تیز رفتار دور میں 200 سال تک ملازمتوں کی فراہمی میں کلیدی رول ادا کرنے والا ٹائپ رائیٹنگ اب ماضی کی داستان بننے جارہا ہے۔ دو صدیوں کی تاریخ پر مشتمل ٹائپ رائیٹنگ کورس جس کے ذریعہ لاکھوں لوگوں نے ٹائپسٹ اور اسٹینوگرافرس کے طور پر ملازمت حاصل کی تھی، اب اس کورس کی اہمیت ختم ہورہی ہے۔ اس کی جگہ کمپیوٹر کورس نے لے لی ہے۔ ٹائپ رائیٹرس کی ماضی میں معاشرے میں بہت عزت ہوا کرتی تھی جو اس وقت آئی ٹی ماہرین کی ہے۔ بدلتے ہوئے حالات کے لحاظ سے کمپیوٹر نے ٹائیپ رائیٹر پر سبقت حاصل کرلی ہے۔ مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن ٹائپ رائیٹنگ کے کورسیس کو بند کرتے ہوئے ان کی جگہ کمپیوٹر کے نئے نئے کورسیس کو متعارف کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ٹائپ رائیٹنگ ٹسٹ کے بجائے کمپیوٹر بیڈ ٹسٹ (CTB) ٹسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حال ہی میں سرکاری محکمہ جات میں ٹائپ رائٹرس اور اسٹینوگرافرس کی جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے جارہے ہیں۔ صرف کمپیوٹر آپریٹرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں ٹائپ رائیٹنگ کورسیس کی اہمیت بڑی حد تک گھٹ گئی ہے اور کمپیوٹر کورسیس کی اہمیت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ ملازمتوں کے ڈیمانڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے رجحان بھی کمپیوٹر کورس کی طرف بڑھ گیا ہے۔2