نئی دہلی : کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا کی گرفتاری اور سپریم کورٹ کی جانب سے راحت ملنے کی خبر پر کانگریس رہنما جے رام رمیش نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ایجنسیوں کے استعمال سے کانگریس کو دبانے اور ڈرانے کی مہم چلائے ہوئے ہے اور اسی کڑی میں آج کانگریس کے سینئر ترجمان پون کھیڑا کو جہاز کی پرواز سے پہلے ہی اتروا لیا اور پھر انہیںآسام میں درج ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر گرفتار کر لیا گیا۔ جے رام نے کہا کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے پون کھیڑا کو راحت دی۔ انہوں نے سپریم کورٹ کی اس راحت کے تعلق سے کہا کہ ’’ٹائگر ابھی زندہ ہے، یعنی سپریم کورٹ ابھی زندہ ہے۔‘‘ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اپنا پرانا بیان دہرایا کہ ملک میں آج غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ ہے۔جے رام رمیش نے کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا’ کی کامیابی سے بی جے پی کی قیادت بوکھلائی ہوئی ہے اور اب وہ کانگریس کے اس اجلاس کو بدنام کرنا چاہتی ہے۔