ٹائیگر کے ساتھ ایسا ہوسکتا تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا : سنیل شیٹی

   

ممبئی، 20 اکتوبر(ایجنسیز) بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی نے اداکار ٹائیگر شراف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ٹائیگر شراف جیسے معروف اداکار کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آسکتا ہے تو پھرکوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ بھی ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ سنیل شیٹی کے مطابق ٹائیگر شراف کھیلوں اور ورزش میں مصروف رہتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر انہیں حیرت ہے۔ سنیل شیٹی نے یہ ردعمل ممبئی میں موسیقاربپی لہری کے نام سے منسوب سڑک کی نام گذاری کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر شراف اور ان کے والد جیکی شراف ایسے فنکار ہیں جن سے دنیا محبت کرتی ہے۔ اگر ان کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آسکتا ہے تو کسی اورکے ساتھ بھی ایسا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کی سلامتی انتہائی اہم ہے اور امید ہے کہ اس معاملے میں سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ اداکار نے جیکی شراف سے اپنی دیرینہ دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بچپن کے دوست ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ تمام معاملات خیریت سے حل ہوجائیں۔ سنیل شیٹی نے اس بات پر اطمینان کا اظہارکیا کہ ٹائیگر شراف اس حملے میں محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیورکو گولی لگی ہے اور وہ صحت یاب ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ اتوار18 اکتوبرکی شام ممبئی کے جوہو علاقے میں فٹ بال کھیلنے کے بعدگھر واپس لوٹ رہے ٹائیگر شراف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار3 افراد وہاں پہنچے، جن میں سے 2 نے گاڑی پر فائرنگ کی۔ حملہ آوروں نے تقریباً 5 راؤنڈ فائر کیے۔ ٹائیگر شراف گولی لگنے سے محفوظ رہے، تاہم فائرنگ اور شیشہ ٹوٹنے کے باعث انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔ انہیں اسی رات اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی، جبکہ ان کے ڈرائیور کوگولی لگنے کے بعد علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔