حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) ٹالی ووڈ فلم اداکاروں کو دھوکہ دینے والی بزنس مین و فلم ڈائرکٹر شلپا چودھری کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ شاطر شلپا چودھری کی دھوکہ دہی کا شکار ہونے والوں میں فلمی ہیروز کے علاوہ بڑے تاجر، فینانسرس ، رئیل اسٹیٹ تاجروں کے علاوہ وکلاء بھی پائے جاتے ہیں۔ ایک لڑکی کی نارسنگی پولیس میں شکایت اور شلپا چودھری کی گرفتاری کے بعد اس شاطر خاتون کے خلاف شکایتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وی آئی پی افراد کا نام استعمال کرتے ہوئے ان کے نام کی آڑ میں دھوکہ دینے کے الزامات کا شلپا چودھری سامنا کررہی ہے۔ تقریباً200 کروڑ تک کی دھوکہ دہی کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ زائد شرح سود کا لالچ دے کر شلپا نے کافی بڑی رقم حاصل کی۔ ہیچ تری کی پارٹیوں کا انعقاد کرنا اوران پارٹیوں میں سلیبرٹیز کو راغب کرتے ہوئے ان کی پسند اور مزاج کے لحاظ سے ان کی خاطر داری کرتے ہوئے شلپا اپنی اداؤں سے انہیں جال میں پھانستی تھی۔ اس طرح کے سنگین الزامات کا سامنا شلپا چودھری کررہی ہے۔ ایویا ریڈی نامی لڑکی کی شکایت کے بعد پولیس نے شلپا چودھری کو گرفتار کرتے ہوئے14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا۔ پولیس نے بتایا کہ شلپا کے ساتھ اس کے شوہر کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شکایت گذار لڑکی سے رئیل اسٹیٹ کے نام پر شلپا نے ایک کروڑ 50 لاکھ روپئے وصول کئے اور اسے شلپا نے نہ رقم واپس دی اور نہ ہی اس نے اس لڑکی کو اراضی حوالے کی۔ پولیس شلپا کے خلاف حاصل ہورہی شکایتوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ع