ٹالی ووڈ ڈرگس کیس میں حلفنامہ داخل کرنے حکومت کو ہدایت

   


ریونت ریڈی کی درخواست کی سماعت، بی آر ایس اسکیم پر 24 ڈسمبر کو سماعت مقرر
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے ٹالی ووڈ میں ڈرگس کے استعمال سے متعلق مقدمہ میں حکومت کو حلفنامہ داخل کرنے کیلئے 17 ڈسمبر تک مہلت دی ہے۔ رکن پارلیمنٹ ملکاجگری ریونت ریڈی نے مفاد عامہ کی درخواست دائر کرتے ہوئے تلگو فلم انڈسٹری میں ڈرگس کے استعمال کی سی بی آئی ، ای ڈی اور نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ تین ماہ گزرنے کے باوجود تلنگانہ حکومت نے اس سلسلہ میں حلفنامہ داخل نہیں کیا۔ ریونت ریڈی کے وکیل رچنا ریڈی نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کو اس معاملہ میں دلچسپی نہیں ہے جس کے نتیجہ میں حلفنامہ داخل نہیں کیا گیا۔ عدالت سے حکومت کے وکیل نے درخواست کی کہ حلفنامہ کے ادخال کے لئے ایک ہفتہ کا وقت دیا جائے۔ عدالت نے حکومت کو آخری موقع فراہم کرتے ہوئے 17 ڈسمبر کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ اسی دوران ہائی کورٹ نے بی آر ایس پر حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت دی ہے۔ اس سلسلہ میں مقدمہ کی سماعت کے دوران حکومت کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ رپورٹ کی پیشکشی کیلئے موقع دیا جائے۔ 2016 ء میں داخل کی گئی درخواست پر حکومت کی جانب سے ابھی تک حلفنامہ داخل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے حکومت سے سوال کیا کہ حلفنامہ کے ادخال میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے ۔ عدالت نے 24 ڈسمبر کو آئندہ سماعت مقرر کی ۔