ٹالی ووڈ کی اہم شخصیتوں کے خلاف انکم ٹیکس کے دھاوے جاری

   

دو بڑی فلموں کی آمدنی کی جانچ، پروڈیوسر دل راجو کی والدہ کی طبیعت بگڑ گئی
حیدرآباد ۔23۔جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد میں تلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیتوں کے خلاف انکم ٹیکس کی تلاشی مہم آج تیسرے دن بھی جاری رہی۔ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین اور پروڈیوسر دل راجو کی قیامگاہ اور دفاتر پر آج بھی انکم ٹیکس کے عہدیدار موجود تھے۔ مائیتری موویز اور مینگو میڈیا کے اداروں پر بھی دھاوے کئے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حال ہی میں ریلیز ہوئی دو بڑی فلموں کی آمدنی کا پتہ چلانے کے لئے انکم ٹیکس حکام نے 55 ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی ہے جو مسلسل تیسرے دن بھی دھاؤں میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر سوکمار اور دیگر فلم فینانسرس کی قیامگاہوں پر بھی دھاوے کرتے ہوئے بینک اکاونٹس کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں 5 علحدہ مقامات پر دھاوے آج بھی جاری رہے۔ ڈائرکٹر سوکمار کو کل دھاوے کے موقع پر ایرپورٹ سے واپس طلب کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی پشپا 2 اور گیم چینجر فلموں نے بھاری منافع حاصل کیا ہے۔ انکم ٹیکس کے عہدیدار بینکوں کو پہنچ کر ریکارڈ کی جانچ کر رہے ہیں۔ اسی دوران انکم ٹیکس دھاوے کے موقع پر دل راجو کی والدہ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسلسل انکم ٹیکس دھاوے سے دلبرداشتہ ہوکر دل راجو کی والدہ کی طبیعت بگڑ گئی۔ انکم ٹیکس عہدیداروں کی گاڑی میں انہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دل راجو کی والدہ کی حالت مستحکم ہے۔ دھاوؤں کے آغاز کے بعد سے وہ کافی غم میں دکھائی دے رہی تھیں۔ دل راجو ماں کے علاج کی نگرانی کیلئے ہاسپٹل پہنچ گئے۔1