نئی دہلی : تاملناڈوسے تعلق رکھنے والے میڈیکل کے طالب علم عبد الشیخ (22) چین کے صوبہ ہیلونگ جیانگ میں انتقال کر گئے۔ وہ شدید بیمار تھے اور انہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ عبدالشیخ کی وہاں علاج کے دوران موت ہو گئی۔ عبدالشیخ، شمال مشرقی چین کی Qiqihar میڈیکل یونیورسٹی میں پچھلے پانچ سالوں سے میڈیسن کا کورس کر رہے تھے۔ فی الحال وہ کورس سے متعلق انٹرن شپ کررہے تھے۔دسمبرکے پہلے ہفتے میں وہ ہندوستان آئے اور 11 دسمبر کو واپس چین چلے گئے تھے۔ وہاں جانے کے بعد انھوں نے 8 دن کورنٹائن میں گزارے۔ اس کے بعد عبدالشیخ کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ وہیں علاج کے دوران انہوں نے آخری سانس لی۔ چین جانے کے 20 دن بعد عبدالشیخ کی موت سے ان کے خاندان پر غم کا پہاڑٹوٹ پڑا۔ عبدالشیخ کے گھر والوں نے ہندوستانی وزارت خارجہ اور ٹاملناڈو کی ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ عبدالشیخ کی میت کو چین سے ہندوستان لایا جائے۔