ٹاملناڈو : اتوار کو لاک ڈاؤن، آج سے نائیٹ کرفیو

   

چینائی : چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ کورونا کے بڑھتے انفیکشن کے تناظر میں جمعرات 6 جنوری سے رات 10 بجے تا صبح 5 بجے کرفیو لاگو رہے گا اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پہلی تا نویں جماعتوں کے طلبہ کیلئے فزیکل کلاسس کی اجازت نہیں رہے گی۔ اسی طرح کنڈر گارٹن کلاسس اور پلے اسکولس بھی نہیں چلائے جائیں گے۔ تاہم دسویں ، گیارھویں اور بارھویں جماعتوں کے اسٹوڈنٹس کے لئے فزیکل کلاسس کی اجازت رہے گی۔ اتوار کو مکمل لاک ڈاون کے دوران ضروری خدمات جیسے میڈیکل شاپس ، دودھ کی سربراہی ، اخبارات ، فیول پمپس ، اے ٹی ایم اور باربرداری سرویس کو معمول کے مطابق کام کرنے کی اجازت رہے گی۔ لاک ڈاؤن کے دوران ای کامرس سرویسز کی بھی اجازت نہیں رہے گی جبکہ ریسٹورنٹس کو فوڈ ڈیلیوری سرویس صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک فراہم کرنے کی اجازت رہے گی۔