ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات :وجئے کا 2 سیٹوں پر مقابلہ

   

TVKپارٹی کا تمام نشستوں کیلئے امیدواروں کا اعلان
چینائی۔ 29 مارچ (ایجنسیز) فلم اسٹار سے سیاست داں بننے والے وجئے نے اعلان کیا کہ اگر ’ٹی وی کے‘ کی حکومت بنی تو 29 سال سے زائد عمر کے ان نوجوانوں کو ہر ماہ 4000 روپے دیے جائیں گے جنہیں اب تک ملازمت نہیں ملی ہے۔ٹاملناڈومیں 2026ء کے اسمبلی انتخاب سے قبل ’تملگا ویٹری کزگم‘ (ٹی وی کے) کے سربراہ تھلاپتی وجے نے اتوار کو اپنی پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے 234 اسمبلی سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وجے خود 2 سیٹوں سے انتخاب لڑیں گے، وہ تریچی ایسٹ اور چنئی کے پرمبور سے میدان میں اتریں گے۔ دونوں سیٹوں پر ان کا نام سی جوزف وجے کے طور پر درج ہے، یہ پہلی بار ہے جب وہ براہ راست انتخابی میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔پارٹی کے جنرل سکریٹری این آنند ٹی۔ نگر سے، خزانچی وینکٹ رمنن مائلہ پور سے اور آدھو ارجن ولّیواکم سے انتخاب لڑیں گے۔ اس کے علاوہ گوبی چیٹی پالیم سے کے سینگوٹّیان، تروچینگور سے کے. جی. ارجن راج، تروپرن کنڈم سے سی. ٹی. آر. نرمل کمار، تھاؤزینڈ لائٹس سے جے سی ڈی. پربھاکر، کولاتھور سے وی. ایس. بابو اور آر. کے. نگر سے ڈاکٹر ماریہ ولسن کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔امیدواروں کے اعلان کے ساتھ ہی وجے نے نوجوانوں کیلئے کئی بڑے وعدے بھی کیے۔