چینائی :ٹاملناڈو نے وقف ایکٹ میں مرکزی حکومت کی مجوزہ ترامیم کے خلاف ایک قرارداد منظور کی۔ چیف منسٹرایم کے اسٹالن نے انہیں اقلیتوں کے حقوق اور وقف بورڈ کے اختیارات کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا۔اسٹالن نے کہا کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کی طرف سے متعارف کردہ ترامیم کا مقصد وقف بورڈ کو کمزور کرنا اور وقف املاک کے نظم و نسق میں مداخلت کرنا ہے جو روایتی طور پر مسلم کمیونٹی کے فائدے کیلئے اسلامی قانون کے تحت چلتی ہیں۔اسٹالن نے کہا کہ یہ مذہب کی آزادی کے خلاف ہے اور اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔اسٹالن نے کہا کہ ترمیم میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے شناخت کی گئی کوئی بھی وقف جائیداد وقف بورڈ کے تحت نہیں آئے گی۔ یہ ناقابل قبول ہے۔ اس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ غیر مسلموں کے بنائے ہوئے وقفوں کو غیر درست سمجھا جائے گا جس سے ابہام اور بداعتمادی میں مزید اضافہ ہوگا۔اسٹالن نے زور دے کر کہا کہ یہ صرف ایک قانونی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ اقلیتوں اور ان کے اداروں کے آئینی حقوق پر حملہ ہے۔ ہم اس کی مخالفت جاری رکھیں گے۔انہوں نے نوٹ کیا کہ مجوزہ تبدیلیوں پر ڈی ایم کے اور کئی اپوزیشن جماعتوں نے پہلے ہی سخت اعتراضات اٹھائے ہیں جس کے نتیجے میں بل کو مزید جائزہ کے لیے مشترکہ مشاورتی کمیٹی (جے اے سی) کے پاس بھیجا گیا ہے۔اسٹالن نے مزید کہا کہ مسلمانوں میں یہ خوف بڑھ رہا ہے کہ یہ ان کے اداروں کی خود مختاری کو کمزور کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔وقف ترمیمی بل مرکزی حکومت نے 2024 میں پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ 19 مارچ کو کرناٹک کی قانون ساز اسمبلی نے اسی طرح کی ایک قرارداد منظور کی جس میں مرکز کے وقف (ترمیمی) بل 2024 کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا جس سے ایک گرما گرم بحث ہوئی اور اپوزیشن بی جے پی نے واک آؤٹ کیا تھا۔
دو لسانی پالیسی پر تمل ناڈو کی آواز منصفانہ، حدبندی انصاف کی لڑائی :اسٹالن
چینائی: ٹاملناڈو کے وزیر اعلی اور دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے ) کے صدر ایم کے اسٹالن نے جمعرات کو کہا کہ دو زبانوں کی پالیسی اور منصفانہ حد بندی پر تمل ناڈو کی مضبوط اور منصفانہ آواز نے بی جے پی کو پریشان کر دیا ہے ۔اسے احترام اور انصاف کی لڑائی قرار دیتے ہوئے مسٹر اسٹالن نے کہا کہ ڈی ایم کے کبھی کسی زبان کی مخالفت نہیں کرتی، بلکہ کسی بھی زبان کو مسلط کرنے اور اندھی قوم پرستی کی مخالفت کرتی ہے ۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر تقسیم پیدا کرنے کا الزام لگانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر اسٹالن نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ یہ سیاسی بلیک کامیڈی کا سب سے تاریک دور ہے ۔انہوں نے کہاکہ دو زبانوں کی پالیسی اور منصفانہ حد بندی پر تمل ناڈو کی منصفانہ اور مضبوط آواز پورے ملک میں گونج رہی ہے اور بی جے پی واضح طور پر گھبراگئی ہے ۔