اداکار سے سیاست داں بنے وجے کا ورثاء کے لواحقین کو 20‘20 لاکھ معاوضہ کا اعلان
چینائی۔28؍ستمبر( ایجنسیز )ٹاملناڈوکے ضلع کرور میں ہفتے کی شام اداکار سے سیاست داں بنے تھلاپتی وجے کی ریالی کے دوران پیش آنے آئے افسوسناک حادثہ نے ریاست کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے۔ وِلّوسوامی پورم علاقے میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب جلسہ گاہ میں اچانک بھیڑ بے قابو ہوگئی جہاں لوگوں کا دم گھٹنے لگا وہیں لوگوں نے ایک دوسرے کو روندھ دیا۔ اس سانحے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے جن میں 17 خواتین اور 9 بچے بھی شامل ہیں جبکہ درجنوں لوگ زخمی ہو کر ہاسپٹلس میں زیر علاج ہیں جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ریاستی سطح پر سیاسی سرگرمیوں میں تیزی کے درمیان یہ ریالی عوامی جوش و خروش کی عکاسی تو کر رہی تھی لیکن وہاں پر بھیڑ اور سکیورٹی انتظامات کی کمی نے سانحہ کو جنم دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی وجے اسٹیج پر پہنچے بڑی تعداد میں لوگ آگے بڑھنے لگے جس سے ہجوم بے قابو ہو گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ کئی افراد موقع پر ہی دب کر دم توڑ گئے جبکہ کچھ نے ہاسپٹل پہنچتے ہی دم توڑا۔حادثے کے بعد وجے نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی جماعت تملاگا ویٹری کڈگم (ٹی وی کے) کی جانب سے مہلوکین کے لواحقین کو فی کس20 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2‘2 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ وجے نے کہا کہ یہ ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور اس دکھ کی گھڑی میں ہر ممکن تعاون کروں گا۔ وزیراعظم قومی ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے ہر متوفی کے اہل خانہ کو 2‘2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ادھر ٹاملناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالین نے بھی ریاستی حکومت کی جانب سے فوری امداد کے طور پر ہر ایک متوفی کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سانحے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ انتظامی سطح پر کس طرح کی غفلت ہوئی اور اس کے ذمہ دار کون ہیں۔ اتوار کی صبح مرنے والوں کی آخری رسومات کرور میں انجام دی گئیں۔ اس دوران علاقہ میں کہرام مچا رہا اور ہر طرف سوگ کا ماحول چھایا رہا۔ متاثرہ خاندانوں کے آنسو اور آہ و بکا نے فضا کو مزید سوگوار بنا دیا۔ ریٹائرڈ ہائیکورٹ جج ارونا جگدیشن نے کرور بھگدڑ حادثہ کے مقام کا معائنہ کیا اور تفصیلات حاصل کی ہیں۔ ریاستی حکومت نے اروناجگدیشن کو اس حادثہ کی مکمل تحقیقات کیلئے مقرر کیا ہے۔
کرور بھگدڑ معاملہ: وجے کی پارٹی ہائی کورٹ سے رجوع
ریالی میں بھگدڑ کے پس پردہ سازش کا ریاستی حکومت پر الزام
چینائی۔28؍ستمبر( ایجنسیز )ٹاملناڈوکے کرور میں ہفتہ 27 ستمبر کو ریلی میں اچانک بھگدڑ مچ گئی، جس میں 40 لوگ ہلاک اور تقریباً 100 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس حادثے کے بعد اداکار اور سیاسی لیڈر وجے کی پارٹی ٹی وی کے (تملگا وٹتری کڈگم) نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا ہے یہ حادثہ ڈی ایم کے کی سازش ہو سکتا ہے۔ اداکار وجے کی پارٹی کے وکیل اریوازگن نے میڈیاسے کہا کہ پارٹی نے مدراس ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ عرضی میں خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کرنے یا معاملے کو سی بی آئی (سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن) کو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے ریاستی حکومت کے دعوے کو خارج کیا کہ ریالی میں سیکورٹی ضابطوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔وکیل اریوازگن نے مزید کہا کہ کرور حادثہ میں سازش ہوئی ہے۔ ہمیں مقامی لوگوں سے قابل اعتماد معلومات ملی ہیں اور کچھ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست کی حکمراں جماعت کے کچھ کارکنان کی سازش تھی۔دوسری جانب ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ ریالی کے مقام پر لوگوں کی بھیڑ دوپہر سے جمع ہو گئی تھی لیکن وجے شام 7 بجے پہنچے۔ ریالی کے مقام کی گنجائش 10000 تھی لیکن 27000 لوگ جمع ہوئے۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت نے کہا کہ دانستہ طور پر بھیڑ میں اضافے کی کوشش کی گئی۔ریاستی حکومت کے دعووں کو ’ٹی وی کے‘ کے وکیل نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وجے کی تاخیر سے آمد کی اصل وجہ ٹریفک تھی نہ کہ پارٹی کی غلطی۔ واضح ہو کہ ریاستی حکومت نے ریالی میں سیکورٹی اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ’ٹی وی کے‘ کے کچھ لیڈران کے خلاف قتل کے الزام سمیت دیگر دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ ساتھ ہی ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں عدالتی تحقیقات کا بھی حکم دیا گیا ہے۔