ٹاملناڈو بی جے پی صدر انامالائی کیخلاف مقدمہ درج

   

بہاری مزدوروں پر حملے کی افواہیں اور تشدد بھڑکانے کا الزام، جائزہ لینے بہار کی ٹیم کی آمد

چینائی: ٹاملناڈو پولیس نے اتوار کو ریاستی بی جے پی صدر کے. انامالائی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 153، 153 (1) (اے)، 505 (1) (بی) اور 505 (1) (سی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔قبل ازیں انامالائی نے کہا کہ حکمراں ڈی ایم کے اور اس کے اتحادی ریاست کی صورتحال کے لیے ذمہ دار ہیں۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ریاستی بی جے پی صدر کے. انامالائی نے ایک ٹوئٹ میں ٹاملناڈو پولیس کو چیلنج کیا کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں کے اندر انہیں گرفتار کرے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ آپ کو لگتا ہے کہ آپ جھوٹے مقدمات درج کر کے جمہوریت کو دبا سکتے ہیں۔ میں تمہیں 24 گھنٹے دیتا ہوں، مجھے چھونے کی ہمت کرو۔وہیں بہار سے عہدیداروں کی ایک ٹیم بہاری مزدوروں پر حملے کی خبروں کی جانچ کے لیے ریاست کے تروپور پہنچ گئی ہے۔ تروپور کے ڈی سی ایس ونیت نے کہا کہ بہار حکومت کے افسران کی ایک ٹیم نے آج تروپور کا دورہ کیا۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول یونین ممبران، ٹریڈ یونینز اور دیگر اسوسی ایشنز کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ ڈی سی ایس ونیت نے کہا کہ خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ تارکین وطن پر ہو رہے حملوں کی وجہ سے لوگ یہاں سے جا رہے ہیں۔ میں یہ بتانا چاہوں گا کہ ان میں سے زیادہ تر لوگ ہولی کیلئے گھر جا رہے ہیں۔