چینائی:26 اکتوبر (یو این آئی) تمل ناڈو پولیس کی کرائم برانچ (سی آئی ڈی) ونگ نے ایریڈیم اسکینڈل کے سلسلے میں وسیع کارروائی کے تحت ریاست میں کئی مقامات پر چھاپے مار کر 27 دیگر ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ تمل ناڈو میں کئی گروہ بھارتیہ ریزرو بینک (آر بی آئی) کے نام کا غلط استعمال کرتے ہوئے عوام سے جھوٹا دعویٰ کر رہے ہیں کہ ایریڈیم کی فروخت کے ذریعے بیرون ملک کروڑوں روپے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ تمل ناڈو کرائم برانچ،کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی بی سی آئی ڈی) نے اس معاملے میں از خود نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے میں جانچ شروع کی ہے ۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمین نے آر بی آئی کے نام پر جعلی دستاویزات تیار کیے تھے اور لوگوں سے بڑی رقمیں اینٹھنے کے لیے غیر رجسٹرڈ ٹرسٹ چلاتے تھے ۔ قابل ذکر ہے کہ ایریڈیم پلیٹینم زمرے کی ایک سخت، چاندی جیسی سفید دھات ہے ۔ کئی گروہ ایریڈیم نامی اس نایاب دھات کی فروخت کے ذریعے بیرون ملک سے کروڑوں روپے حاصل کرنے کا دعویٰ کر کے عوام کو دھوکہ دے رہے تھے ۔ سی بی سی آئی ڈی نے 12 ستمبر کو چلائے گئے پہلے مرحلہ کے آپریشن میں ریاست میں 13 معاملوں میں شامل 30 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد مختلف اضلاع میں 20 سے زائد اضافی معاملے درج کیے گئے اور متاثرین سے اطلاعات اور دستاویزات جمع کی گئی۔ دوسرے مرحلے میں، گزشتہ دو دنوں میں تمل ناڈو کے 15 اضلاع میں بیک وقت بڑے پیمانے پر چھاپے مارے گئے اور ایک خصوصی ٹیم نے 27 دیگر ملزمان کو گرفتار کیا۔