ریاستی دارالحکومت چینائی میں 14.25 لاکھ ووٹروں کو نئی فہرست سے نکال دیا گیا
نئی دہلی ، 19 ڈسمبر (ایجنسیز) ٹاملناڈو چیف الکٹورل آفیسر ارچنا پٹنائک نے جمعہ کو کہا کہ ریاست میں خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے بعد مسودہ انتخابی فہرست میں 5,43,76,755 ووٹرز رہ گئے ہیں جن میں 2.66 کروڑ خواتین اور 2.77 کروڑ مرد رائے دہندے شامل ہیں۔ ریاست میں جہاں عنقریب اسمبلی الیکشن مقرر ہے، ایس آئی آر سے قبل لگ بھگ 6.41 کروڑ رجسٹرڈ ووٹرز تھے اور انتخابی فہرست پر جامع نظرثانی کے نتیجہ میں 97,37,832 ووٹروں کے نام حذف ہوگئے ہیں۔ ارچنا کے مطابق حذف شدہ ووٹروں میں 26.94 لاکھ ایسے ہیں جو فوت ہوگئے، 66.44 لاکھ ووٹرز مستقل طور پر کہیں اور منتقل ہوئے یا ترک ِ ریاست کرچکے ہیں، اور 3,39,278 ڈپلکیٹ انٹریز پائے یعنی یہ ووٹرز ایک سے زیادہ جگہ پر رجسٹرڈ پائے گئے۔ چیف الکٹورل آفیسر نے کہا کہ ریاست بھر میں نقل مقام کرنے والے 66,44,881 افراد اپنے درج رجسٹر پتوں پر مقیم نہیں پائے گئے جبکہ گھر گھر تصدیق کا عمل تین مرتبہ کیا گیا۔ ڈی ایم کے پارٹی کی حکمرانی والی ریاست میں ایس آئی آر کا عمل چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کی شدت سے مخالفت کے درمیان انجام دیا گیا جبکہ برسراقتدار پارٹی نے اس جنوبی ریاست میں انتخابی فہرستوں پر بڑے پیمانے پر نظرثانی کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے۔ اسٹالن نے الیکشن کمیشن کے عمل کو جمہوریت کے مغائر قرار دیا ہے۔
