ٹاملناڈو میں دہشت گرد گروپ کے قیام کی کوشش ‘ 14 گرفتار

   

چینائی 15 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی تحقیقاتی ایجنسی نے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جنہیں سعودی عرب نے حال میں ہندوستان کے حوالے کیا تھا ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹاملناڈو میں ’ انصار اللہ ‘ نامی گروپ بنالیا ہے ۔ عدالت کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ان 14 افراد کو ایک خصوصی طیارہ سے چینائی لایا گیا جہاں انہیں خصوصی جج سینتھور پانڈین کی خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش کیا گیا ۔ این آئی اے کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے تمام ملزمین کو 25 جولائی تک ایجنسی کی تحویل میں دیدیا ہے ۔ ذرائع نے کے بموجب یہ شبہ ہے کہ یہ افراد ٹاملناڈو میں انصار اللہ نامی گروپ قائم کرنے رقومات جمع کر رہے تھے اور سمجھا جاتا ہے کہ انہیں سعودی عرب سے حال ہی میں ہندوستان واپس بھیجا گیا تھا ۔ این آئی اے نے کہا کہ اس نے دو افراد حسن علی اور ہریش محمد کو اس کیس میں ہفتے کو گرفتار کیا تھا ۔ این آئی اے کا کہنا ہے کہ اس نے ایک گینگ کو بے نقاب کیا ہے جس نے ہندوستان میں دہشت گرد حملے کرنے کی سازش رچی تھی ‘ فنڈز حاصل کئے تھے اور تیاری کی تھی ۔ ان کا مقصد یہ تھا کہ ہندوستان میں اسلامی حکومت قائم کی جائے ۔ این آئی اے نے کیس کے سلسلہ میں تین ملزمین کے ٹھکانوں پر چینائی اور ناگا پٹنم میںتلاشی بھی لی ہے ۔ معتبر اطلاعات کے بموجب ملزمین ہندوستان میں رہتے ہوئے اور ہندوستان کے باہر بھی حکومت ہند کے خلاف جنگ کی تیار یکر رہے تھے اور سازش کر رہے تھے ۔ انہوں نے دہشت گرد گروپ انصار اللہ قائم کرلیا تھا ۔ اس سلسلہ میں 9 جولائی 2019 کو ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ یہ مقدمہ ساکن سید بخاری اور حسن علی یونس مرکار و محمد یوسف الدین ہریش محمد کے خلاف درج کیا گیا تھا ۔