چینائی : ٹاملناڈو میں تھیٹرس مالکین نے متنازعہ فلم کیرالا اسٹوری کی اسکریننگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کئی آن لائن ٹکٹ بکنگ پلیٹ فارمس نے اپنی لسٹنگ سے چینائی کو نکال دیا ہے ۔ تھیٹر مالکین کا کہنا ہے کہ دی کیرالا اسٹوری کی نمائش کی مخالفت کی جارہی ہے ۔ ان حالات میں فلم کی نمائش سے ملٹی پلیکسیس میں دوسری فلموں کی نمائش بھی متاثر ہوگی ۔ تھیٹر اوونرس اسوسی ایشن کے ایک سینئر رکن نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے پیش نظر اس فلم کی نمائش سے دوسری فلموں کی آمدنی متاثر ہوگی ۔ لہذا اسوسی ایشن نے دی کیرالا اسٹوری کی نمائش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم ریاست میں 13 تھیٹرس میں اس فلم کی نمائش کی جارہی ہے ۔ ٹاملناڈو حکومت نے فلم کی نمائش پر پابندی عائد نہیں کی ہے ۔
