چینائی : ٹاملناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جمعرات کو مرکز کے زرعی قوانین اور شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کے مظاہرے کے خلاف درج تمام مقدمات کو واپس لینے کا اعلان کیا۔اسمبلی میں گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے جواب میں مسٹر اسٹالن نے کہا کہ ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں کووڈ کے بعد کلینک کھولے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دو صنعتی یونٹ قائم کیے جائیں گے جس سے 22،000 افراد کو روزگار ملے گا اور میڈیا کے خلاف ہتک عزت کے تمام مقدمات بھی واپس لئے جائیں گے ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ گورنر کے خطاب کو عملی شکل دینے کے لئے شمالی تمل ناڈو میں دو نئی صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور شمالی تمل ناڈو میں صنعتی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لئے چیار اور ٹنڈی ونم میں دو نئی صنعتیں قائم کی جائیں گی جس سے بالترتیب 12,000 اور 10,000 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔