ٹاملناڈو میں شدید بارش ،طوفان ، بادوباراں کاالرٹ

,

   

اسکول کالجس بند ، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارش کی پیش قیاسی ، آندھرا اور تلنگانہ میں بھی طوفان کا اثر

چینائی ۔ یکم / ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو اور پوڈوچیری میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران طوفان کا الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ ٹاملناڈو کے دارالحکومت چینائی میں عام زندگی متاثر رہی ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن تک مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ حکومت نے اسکولوں اور کالجس کو تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ مدراس یونیورسٹی اورانا یونیورسٹی کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں ۔ اکٹوبر /16 سے یہاں پر مانسون کے بعد اتوار کے دن ہونے والی بارش سب سے زیادہ شدید ریکارڈ کی گئی ۔ ڈائرکٹر سائیکلون وارننگ سنٹر ریجنل میٹرولوجیکل سنٹر این پویریشن نے کہا کہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث شدید بارش ہورہی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اور اتوار کی صبح 8.30 بجے تک 19 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دور ان بھی اسی طرح کی بارش ہونے کا امکان ہے ۔ رامنتاپورم ، ترونوویلی ، ٹوٹی کرن ، ویلور اور دیگر اضلاع میں بھی شدید بارش ہوئی ہے ۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے کئی علاقوں میں بھی اس طوفان کے اثرات ہوں گے ۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے ۔ بارش میں ایک شخص ہلاک ہوگیا اور دیگر کئی زخمی بتائے گئے ہیں ۔ 49 سالہ شخص امبتور میں سیلاب کے پانی کیلئے بنائے گئے ڈرینیج میں بہہ کر فوت ہوگیا ۔ ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے ضلع نظم و نسق سے کہا ہے کہ وہ بارش کے پیش نظر جنگی بنیادوں پر کام انجام دیں ۔