ٹاملناڈو میں طوفانی بارش ، حادثات میں چار افراد کی موت

   

چینائی، 2 دسمبر (یو این آئی) ٹاملناڈو میں سمندری طوفان دتواہ کے زیر اثر بارش سے متعلق واقعات میں اب تک چار لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ یہ معلومات ریوینیو اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر رامچندرن نے منگل کے روز دی۔ یہاں ایمرجنسی رسپانس کنٹرول سینٹر میں شدید بارش سے متاثرہ مختلف اضلاع کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ شہر میں ایک جگہ دیوار گرنے سے دو لوگوں کی موت ہوئی، جبکہ دو دیگر کی موت بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف فنڈ سے متاثرین کے خاندانوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔ بارشوں میں کل 582 مویشی ہلاک ہوئے ، 1,000 جھونپڑیوں کو نقصان پہنچا، اور کاویری ڈیلٹا اور دیگر اضلاع میں 85,521.76 ہیکٹر زرعی اراضی کو نقصان پہنچا۔ رام چندرن نے کہا کہ فصل کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ بارش کم ہونے کے بعد یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔ چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کی ہدایت کے مطابق کسانوں کو بارش کے پانی سے ڈوبی ہوئی فصلوں کیلئے 20,000 روپے فی ہیکٹر کا معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مویشیوں کی موت اور تباہ شدہ مکانات اور جھونپڑیوں کیلئے مناسب امداد فراہم کی جائے گی۔ رامچندرن نے کہا کہ طوفان کمزور ہو رہا ہے اور امید ہے کہ یہ کم دباؤ والے علاقے میں تبدیل ہوکر مزید کمزور ہو جائے گا۔ بدھ کے روز مہابلی پورم کے قریب اس کے ساحل کو عبور کرنے کی امید ہے ۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو راحت اور بچاؤ کے کاموں کیلئے ملا پورم میں تعینات کیا گیا ہے ، اور بارش سے متاثرہ چنئی شہر میں این ڈی آر ایف کی 11 کمپنیاں، جن میں سے ہر ایک میں 30 اراکین شامل ہیں، تعینات کیے گئے ہیں۔ این ڈی آر ایف کی ٹیموں کے ساتھ 50 رکنی ایس ڈی آر ایف کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ گریٹر چنئی کارپوریشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ چنئی کے مختلف علاقوں میں کل 215 امدادی مراکز کھولے گئے ہیں، جو تمام بنیادی سہولیات جیسے پینے کا پانی، خوراک اور طبی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ کل 111 کمیونٹی کچن ریلیف کیمپوں میں رہنے والے لوگوں کیلئے کھانا تیار کر رہے ہیں۔ گزشتہ دو دنوں میں 278,100 لوگوں کو کھانا فراہم کیا گیا جبکہ آج صبح 223,500 لوگوں کو کھانا فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 95 خصوصی میڈیکل کیمپ چلائے جا رہے ہیں اور 107 کشتیاں ڈوبے ہوئے علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کیلئے تیار ہیں۔
چنئی کارپوریشن کے 15 علاقوں میں رکے ہوئے پانی کو نکالنے کیلئے موٹر اور درخت کاٹنے والی مشینیں لگائی گئی ہیں۔ اب تک موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں سے گرنے والے 43 درختوں کو ہٹایا جا چکا ہے ۔ بارش سے نمٹنے کیلئے کل 22,000 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جن میں افسران، انجینئرز اور صفائی ملازمین شامل ہیں۔