ٹاملناڈو میں ہند ۔ چین چوٹی کانفرنس باعث فخر : ڈی ایم کے قائد اسٹالن

   

چینائی ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالین نے منگل کے دن کہا کہ ٹاملناڈو میں ہونے والی ہند ۔ چین چوٹی کانفرنس اس ریاست کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اس کانفرنس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ٹاملناڈو کے حزب مخالف کے قائد اور ڈی ایم کے کے سربراہ نے کہا کہ ہند اور چین قدیم تہذیب و ثقافت کا گہوارہ رہ چکے ہیں۔ چین کے صدر اور ہندوستان کے وزیراعظم مودی کے درمیان دوسری چوٹی کانفرنس 11 اکٹوبر کو ملاپورم میں شروع ہوگی۔ ٹاملناڈو کے چولا اور پلاوا خاندان کے قدیم راجاؤں کے چین کے ساتھ روابط تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ سے چین کے دو ہزار سال قدیم سکے برآمد ہوئے ہیں۔ ٹاملناڈو اور چین کے کئی صدیوں قبل تجارتی تعلقات بھی تھے اورچین کے بدھسٹ راہب ہیون تسانگ نے کئی صدیوں پہلے کنچی پورم کا دورہ بھی کیا تھا اور ملاپورم، کنچی پورم ضلع میں واقع ہے۔ ملاپورم کو عالمی تہذیبی ورثہ کا مقام حاصل ہے۔