چینائی: ٹاملناڈو کے نئے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے جمعہ کو پہلی مرتبہ وزارت اعلیٰ سنبھالنے کے فوراً بعد ریاست کے تمام راشن کارڈ گیرندوں کو 4000 روپئے کی کورونا امداد فراہم کرنے کے سمیت 5 بڑے اعلانات کئے ۔ یہ تمام اعلانات ڈی ایم کے پارٹی کے انتخابی منشور میں شامل ہیں ۔ ان میں ریاست کے تمام راشن کارڈ ہولڈرس کو 4000 روپئے کی راحت فراہم کرنا ، خواتین کو بس میں مفت سفر کرنا ، ا یوین دودھ کی قیمت 3 روپئے کم کرنا ، خانگی دواخانوں میں کورونا مریضوں کے علاج کا خرچ حکومت برداشت کرنا شامل ہے ۔ ریاست بھر میں 2 کروڑ 7 لاکھ 67 ہزار راشن کارڈ ہولڈرس ہیں ۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد اسٹالن نے سب سے پہلے ہر خاندان کو کورونا ریلیف کے طور پر چار ہزارروپئے فراہم کرنے کے آرڈر پر دستخط کیے۔ دو ہزار روپئے کی پہلی قسط مئی کے مہینے میں دی جائے گی۔ چیف منسٹر اسٹالن نے یہ بھی اعلان کیا کہ ریاستی حکومت نجی ہاسپٹلس میں ریاستی حکومت کے تمام انشورنس کارڈ ہولڈرز کے کورونا علاج کی قیمت برداشت کرے گی۔اسٹالن کی کابینہ میں ان کے ساتھ 33 ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔ ان 33 ارکان میں سے 15 پہلی بار وزیر بنے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی اسٹالن نے اس کابینہ میں دپرئی مروگن جیسے سینئر رہنماؤں کو برقرار رکھا ہے۔ واضح رہے کہ کہ ڈی ایم کے رہنما اور پارٹی سکریٹری دپرئی مروگن آبی وسائل کے وزیر ہوں گے۔گزشتہ حکومت میں 2006-11 میں وہ عوامی تعمیراتی وزیر تھے۔دپرئی مروگن ان 18 وزراء میں شامل ہیں جنہیں اس بار بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس دوران چینائی کے سابق میئر ایم سبرامنیم اور پارٹی کے رہنما پی کے سکربابو پہلی بار وزیر بنیں گے۔ معلومات کے مطابق سبرامنیم کو محکمہ صحت اور خاندانی وفلاح وبہبود کی وزارت دی گئیں۔