مودی اور امیت شاہ نے ہماری صلاحیتوں کو پہچانا، ٹاملناڈو سے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کی کمی کا اعتراف
حیدرآباد۔/21فروری، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے افراد کو مرکزی حکومت گورنر کے عہدہ پر فائز کررہی ہے کیونکہ ریاست کے رائے دہندے ان کی صلاحیتوں کے اعتراف اور انہیں پارلیمنٹ کیلئے منتخب کرنے سے قاصر ہیں۔ گورنر ٹاملناڈو کے کوئمبتور میں ایک خانگی تعلیمی ادارہ کے پروگرام میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے افراد کو وزارت میں شامل نہیں کرپارہی ہے کیونکہ ٹاملناڈو سے منتخب عوامی نمائندے نہیں ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہماری صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور گورنر بنایا۔ مرکزی کابینہ کے بجائے گورنر کے عہدوں پر ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے افراد کے تقرر کے بارے میں پوچھے جانے پر سوندرا راجن نے کہا کہ اگر ٹاملناڈو کے عوام ہمیں منتخب کریں تو ہم مرکزی کابینہ میں شامل ہوسکتے ہیں۔ مرکزی حکومت نے ہماری صلاحیتوں کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے گورنر کے عہدہ پر مامور کیا ہے اس میں ہماری کوئی غلطی نہیں ہے۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ ہماری انتظامی صلاحیتوں کا اعتراف کریں۔ عوام اچھے افراد اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے پارلیمنٹ کیلئے منتخب کرسکتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کوباصلاحیت افراد کی تلاش کے بجائے موجودہ اسٹاف کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیئے۔ر
