ٹاملناڈو کے بورویل میں پھنسے ہوئے لڑکے کیلئے وزیراعظم کی دعائیں

   

نئی دہلی ۔ 28 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے دن کہا کہ اُن کی دعائیں تین سالہ لڑکے سجیت کے ساتھ ہیں جو ٹاملناڈو کے علاقہ تریچورہ پلی کے قریب گزشتہ 77 گھنٹوں سے زیادہ وقت سے ایک سوکھے بورویل میں پھنسا ہوا ہے ۔ اُس کو بچانے کی کوششیں ہنوز جاری ہے ۔ وزیراعظم نے چیف منسٹر ٹاملناڈو پلانی سوامی سے بچاؤ کوششوں کے بارے میں بات چیت کی ۔ تریچورہ پلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب ٹاملناڈو حکومت کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں کے بموجب بچاؤ کاروائیاں جاری ہیں۔ کمشنر مالی انتظامیہ جے رادھا کرشنن کے بموجب راحت رسانی کارروائی کسی بھی قیمت پر ترک نہیں کی جائے گی ۔ ہماری کوششوں میں کسی قسم کی کمی نہیں ہوگی ۔ ساتھ ہی ساتھ ہم بچے کے والدین کو جھوٹی اُمید نہیں دلائیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ بچاؤ کوششوں میں عصری آلات استعمال کئے جارہے ہیں ۔ اس علاقہ کی زمین پتھریلی ہے اس کے باوجود سوکھے ہوئے بورویل کے متوازی کھدائی کی جارہی ہے ۔ تکنیکی اعتبار سے جو کچھ ممکن تھا کیا جارہاہے ۔ ہم اس بات کی احتیاط برت رہے ہیں کہ بچے کو کوئی نقصان نہ پہونچنے پائے ۔ وزیرصحت سی وجئے بھاسکر اس علاقہ میں عارضی طورپر قیام پذیر ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ پتھریلا سلسلہ اور بارشیں بہت بڑا چیلنج ہے ۔ کانگریس قائد ڈی کے واسن نے کہاکہ کوئی بھی دوسری ریاستی حکومت نے کسی بچے کو بچانے اتنی کوشش نہیں کی تھی ۔ ہزاروں افراد بچے کیلئے دعائیں کررہے ہیں ۔ اہم شخصیات اور سیاستداں بھی ان میں شامل ہوگئے ہیں۔