چینائی ۔16 اگست (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے اہلکاروں نے منی لانڈرنگ کے ایک مبینہ معاملہ کی تفتیش کے سلسلے میں حکمراں ڈی ایم کے کے سینئر لیڈر اور تمل ناڈو کے دیہی ترقی کے وزیر آئی پیریاسامی کے ضلع ڈنڈیگل میں واقع ٹھکانوں پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کے حکام نے بیک وقت وزیر موصوف کے بیٹے اور رکن اسمبلی آئی پی سینتھل کمار اور بیٹی کی رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ چنئی، ڈنڈیگل اور مدورئی میں ان کے رہائشی اور کاروباری احاطے میں چھاپے مارے ۔ یہ چھاپے سی آر پی ایف کی حفاظت میں مارے جا رہے ہیں۔ چھاپوں کی خبر پھیلتے ہی ڈی ایم کے کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ان کی تین رہائش گاہوں کے سامنے جمع ہوگئی اور چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے نعرے لگائے اور اسے سیاسی اقدام قرار دیا۔ پولس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سیکوریٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے ہیں۔ پیریاسامی پر 2006اور 2010کے درمیان وزیر کے طور پر اپنے دور میں اپنی بیوی پی سوشیلا، بیٹوں سینتھل کمار اور پی پربھو اور بیٹی اندرا کے نام پر 2.1 کروڑ روپے کے اثاثے جمع کرنے کا الزام ہے ، جو ان کی آمدنی کے معلوم ذرائع سے غیر متناسب ہیں۔