چنائی : ٹاملناڈو میں طوفان منڈوس اور بارش کے نتیجہ میں پیش آئے مختلف واقعات میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جب سمندری طوفان منڈوس مملہ پورم ساحل سے ٹکرایا جس کی وجہ سے چنائی اور ریاست کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔ چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے کل کہا کہ اب تک چار افرادہلاک، 98 مویشیوں کی موت اور 181 مکانات کو نقصان پہنچانے کی اطلاع ملی ہے۔ چیف منسٹر اسٹالن نے چنائی میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ انہوںنے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ کارپوریشن کے کارکنوں نے بہت اچھی طرح سے کام کیا ہے۔ چنائی میں 400 درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ اس سے پہلے آج اسٹالن نے چینائی کے کاسمیڈو علاقے میں طوفان منڈوس سے متاثرہ لوگوں میں سیلاب سے متعلق امدادی سامان اور خوراک بھی تقسیم کی۔ چینائی کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ریاستی دارالحکومت اور قریبی ضلع چنگل پٹو میں درخت جڑ سے اکھاڑ گئے۔ سمندری طوفان منڈوس کل رات دیر گئے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کیساتھ ساحل کو عبور کیا۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (IMD) کے مطابق طوفان اب کمزور ہو کر گہرے دباؤ میں تبدیل ہو گیا ہے۔