ٹاور رائیڈ کے دوران 5 بچے حادثہ کا شکار

   

حیدرآباد /17 جون ( سیاست نیوز ) شہر کے گیمنگ زون میں ٹاور رائڈ کے دوران 5 کمسن بچے حادثہ کا شکار ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کوٹھی بوگل کنٹہ میں واقع کریزی چکس گیمنگ زون میں 14 فٹ طویل ٹاور رائڈ کے دوران اچانک برقی مسدود ہوگئی جس کے نتیجہ میں ٹاور رائڈ رک گئی ۔ گیمنگ زون کے جنریٹر کو دوبارہ شروع کرنے کے بعد ٹاور رائڈ اچانک چل پڑی اور اس میں سوار پانچ کمسن 11 سالہ صفاء ، علیفہ ، 5 سالہ ایان ، 6 سالہ صباء اور 8 سالہ ندا نیچے گر پڑے ۔ اس حادثہ کے بعد گیمنگ زون میں سنسنی پھیل گئی اور والدین نے زخمیوں کو وہاں کے ایک مقامی دواخانہ منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی ۔ بچوں کے والدین کی شکایت پر سلطان بازار پولیس نے گیمنگ زون کے انتظامیہ کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کیا ہے اور گیمنگ زون سی سی ٹی وی کیمیروں کی ریکارڈنگ کی جارہی ہے ۔