میدک میں تہنیتی تقریب سے صدر نشین بلدیہ چندراپال کا خطاب
میدک۔/28جنوری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مائتری چیریٹبل ٹرسٹ میدک کی جانب سے ٹاؤن کے جی کے آر فنکشن ہال میں نو منتخب صدر نشین بلدیہ مسٹر ٹی چندرا پال اور دیگر منتخب کونسلرس ایم کلیانی مدھو، ای جیا لکشمی پرساد، بی رکمنی کرشنا کے اعزاز میں ایک تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ نو منتخب کونسلرس نے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا اور انہیں سوپنی گئی ذمہ داری بحسن خوبی انجام دینے کا وعدہ کیا۔دریں اثناء نو منتخب صدر نشین بلدیہ مسٹر چندراپال نے کہا کہ وہ اپنے وارڈ رشید کالونی ، بابا کالونی اور پلیکوٹیال کی ترقی کے ساتھ ٹاؤن کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاون کی سڑکوں اور گلیوں میں موجود تمام ناقص سڑکوں کی ترقی ، عوام کو صاف ستھرے پانی کی سربراہی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے علاوہدیگر بلدی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سعی کریں گے۔ انہوں نے اپنے بحیثیت صدرنشین بلدیہ انتخاب پر مقامی ایم ایل اے پدما ریڈی، ریاستی وزیر فینانس جناب ٹی ہریش راؤ اور وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ مسٹر ٹی سی پال نے اپنے سلسلہ خطاب کے دوران بتایا کہ ان کے وارڈ 12 کے رائے دہندوں بالخصوص مسلم رائے دہندوں سے وہ اظہار تشکر کرتے ہیں ان کے 400 ووٹ اقلیتوں کے یعنی مسلم کے ڈالے گئے لیکن دو مسلم امیدوار میدان میں رہنے کے بعد بھی انہیں 300 ووٹ حاصل ہوئے۔ بعد ازاں مسٹر چندرا پال نے اپنے وارڈ کا پیدل دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا اور بلدی مسائل کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر مسٹر مدھو سدن راؤ، درگا پرساد، کرشنا، مائتری ٹرسٹ کے قائدین مسرز سریش، ناگراج، ستیش، مدھوموہن کے علاوہ ٹی رامو اوردیگر موجود تھے۔