موٹر وہیکل ٹیکس کی معافی کا مطالبہ
حیدرـآباد۔تلنگانہ کے ٹرانسپورٹ آپریٹرس نے موٹر وہیکل ٹیکس کی معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایجی ٹیشن میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران بسوں اور کیابس کی سرویس متاثر رہی تھی لہذا دو سہ ماہی کا موٹر وہیکل ٹیکس معاف کیا جانا چاہیئے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کیابس اینڈ بس آپریٹرس اسوسی ایشن کا اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ منعقد ہوا۔ اسوسی ایشن کے صدر سید نظام الدین نے کہا کہ ٹرانسپورٹ آپریٹرس نے حکومت کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ٹرانسپورٹ انڈسٹری سالانہ 2700 کروڑ بطور ٹیکس ریاستی حکومت کو ادا کررہی ہے لیکن بحران کے دوران حکومت نے ٹرانسپورٹ شعبہ کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔ حکومت کے تعاون کے بغیر ٹرانسپورٹ صنعت کی بحالی ممکن نہیں ہے۔ 22 مارچ سے بسیں اور کیابس گیریجس میں بند ہیں تقریباً تمام آپریٹرس معاشی بحران کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان حالات میں حکومت کو فوری مدد کیلئے آگے آنا چاہیئے۔ ٹرانسپورٹ صنعت میں بحران کے باوجود ہزاروں ڈرائیورس اور دیگر اسٹاف کو تنخواہیں ادا کی گئیں۔ آپریٹرس کسی طرح اپنے اخراجات کی تکمیل کررہے ہیں۔ نظام الدین نے کہا کہ آر ٹی اے عہدیداروں سے نمائندگی کی گئی۔ آئندہ چند دنوں میں حکومت کے رویہ میں عدم تبدیلی کی صورت میں احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
