حاملہ کو 6 کیلو میٹر تک ڈولی میں لیجایا گیا‘ زچہ‘ بچہ صحت مند
حیدرآباد۔ 16 ستمبر (سیاست نیوز) آمد و رفت کی سہولت نہ ہونے کے باعث ایک حاملہ خاتون کو ڈولی میں لیجانے کے دوران خاتون نے سڑک پر بچے کو جنم دیا۔ضلع بھدرادری کگہ گڑم چرلہ منڈل کے بنی گوڈم میں یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ ۔ تفصیلات کے مطابق 9 ماہ مکمل کرنے والی حاملہ خاتون روا بھیما منگل کی صبح زبردست تکلیف میں مبتلا ہوئی۔ تاہم گاؤں تک ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کے سبب خاندان والوں نے انہیں 6 کیلو میٹر تک ڈولی میں اٹھاکر لے گئے۔ راستے میں خاتون کے درد میں شدت پیدا ہوئی اور انہوں نے سڑک پر بچے کو جنم دیا۔ بعد ازاں آٹو کے ذریعہ ہاسپٹل لے جاتے وقت ایک ایمبولینس ان کے پاس پہنچی جس کے ذریعہ ماں اور نومولود کو ستیہ نارائن پورم کے گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹرس نے معائنہ کے بعد دونوں کو صحتمند قرار دیا۔ یہ واقعہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور ایمرجنسی حالات میں حمل و نقل کے سنگین مسائل کو اُجاگر کرتاہے۔ یہ ایک خاندان کی تکلیف نہیں ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ دیہی عوام کو ملک کی آزادی کے 75 سال بعد بھی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ جہاں زندگی اور موت کے درمیان کا فاصلہ صرف ایک ایمبولنس ہوتا ہے۔ وہاں انسانیت امتحان میں ڈالی جاتی ہے۔ خوش قسمتی سے ماں اور بچہ دونوں محفوظ ہیں لیکن یہ واقعہ سوال چھوڑ گیا ہے۔ دیہی عوام کب تک بنیادی سہولتوں سے محروم رہیں گے۔ 2