حکومت کا بڑا فیصلہ، تلنگانہ میں روڈ سیفٹی کیلئے نیا قانون نافذ، فٹنس سرٹیفکیٹ مشروط
حیدرآباد۔ 12 فروری (سیاست نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ نے سڑک حادثات میں کمی لانے کے مقصد سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 20 فروری سے تمام ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر QR کوڈ پر مبنی ریفلکٹیو ٹیپس اور ایر مارکنگ پلیٹس کو لازمی قرار دیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس ہدایت پر عمل نہ کرنے والی گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق اب تک استعمال ہونے والی عام ریفلکٹیو ٹیپس معیار پر پوری نہیں اتر رہی تھی اور جعلی ٹیپس کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے تھے اس تناظر میں وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز کے تحت سنٹرل موٹر وہیکل رولز 1989 کے مطابق QR کوڈ پر مبنی مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (MIS) متعارف کرایا گیا۔ نئی ٹیپس پر تلنگانہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کا لوگو ہولو گرام، منفرد سیریل نمبر اور QR کوڈ درج ہوگا۔ جسے اسکیان کرکے عہدیدار فوری طور پر اس کی اصلیت کی تصدیق کرسکیں گے۔ حکومت نے صرف پانچ منظور شدہ کمپنیوں کو ریلفلکٹیو مٹیریل فراہم کرنے کی اجازت دی ہے جس میں ایم انڈیا لمیٹیڈ Orafol india Pvt Ltd، Avery Dennison India، Glowden Reflective اور Doming Reflective Materials شامل ہیں۔ گاڑی مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف مجاز ڈیلرس سے ہی ریفلکٹیو ٹیپ حاصل کریں حکومت نے قیمتیں بھی مقرر کردی ہیں تاکہ اضافی وصولی کی گنجائش نہ رہے جبکہ ٹیپ کی تنصیب کے بعد کم از کم دو سال کی وارنٹی اور سرٹیفکیٹ فراہم کیا جائے گا۔ معائنے کے دوران ٹرانسپورٹ حکام QR کوڈ اسکیان کرکے تصدیق کریں گے جعلی ٹیپ کی صورت میں متعلقہ کمپنی یا ڈیلر کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ البتہ نئی گاڑیوں پر اگر کمپنی کی جانب سے پہلے ہی منظور شدہ ٹیپ لگائی گئی ہوتو انہیں الگ سے تصدیق کی ضرورت نہیں ہوگی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے تمام ٹرانسپورٹ گاڑی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی گاڑیوں پر QR کوڈ ریفلکٹیو ٹیپس نصب کرواکر روڈ سیفٹی کو یقینی بنائیں۔ 2