ٹرانس جینڈر حقوق کارکنوں کی راہول گاندھی سے ملاقات

   

نئی دہلی، 24 مارچ (یواین آئی) ملک بھر سے ٹرانس جینڈر حقوق کے کارکنوں کے ایک وفد نے منگل کے روز پارلیمنٹ میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران پرینکا گاندھی سمیت پارٹی کے سینئر اراکین پارلیمنٹ اور رہنما بھی موجود تھے ۔ وفد نے حکومت کے مجوزہ ٹرانس جینڈر پرسنز بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل ان کی خود کی شناخت کے حق کو کمزور کرتا ہے ، جسے سپریم کورٹ نے تسلیم کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بل کے نفاذ سے لاکھوں ٹرانس جینڈر افراد، خاص طور پر روایتی برادریوں سے وابستہ لوگوں کی قانونی شناخت اور تحفظ خطرے میں پڑ سکتا ہے ۔ کارکنوں نے بل کی کچھ دفعات کو غیر انسانی اور تعزیری قرار دیتے ہوئے لازمی طبی معائنہ، مناسب حفاظتی اقدامات کے بغیر تادیبی دفعات اور موجودہ حقوق میں کٹوتی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ راہول گاندھی نے وفد کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق اور وقار کے ساتھ کھڑی ہے اور پارلیمنٹ میں اس بل کی مخالفت کرے گی۔ راہول گاندھی نے اسے ایک کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کا ٹرانس جینڈر پرسنز (ترمیمی) بل ٹرانس جینڈر لوگوں کے آئینی حقوق اور شناخت پر براہ راست حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل ٹرانس جینڈر لوگوں سے اپنی شناخت خود متعین کرنے کا حق چھینتا ہے ، جو کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے ۔ یہ ملک بھر کی مختلف برادریوں کی ثقافتی شناخت کو ختم کرتا ہے اور ٹرانس جینڈر لوگوں کو میڈیکل بورڈ کے سامنے غیر انسانی جانچ کے لیے مجبور کرتا ہے ۔