ٹراویل ایپ ixigo کو حیدرآباد کے نام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنا مہنگا پڑا

   

بھاگیہ نگر کی تحریر پر عوام نے برہمی کا اظہار کیا ، کمپنی نے معذرت خواہی کرلی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کا نام ویب سائیٹ میں بھاگیہ نگر کی حیثیت سے پیش کرنا ایک ٹراویل کمپنی کو مہنگا ثابت ہوا ۔ سوشیل میڈیا میں عوام نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس ٹراویل کمپنی کے بائیکاٹ کی مہم شروع کردی جس پر ٹراویل کمپنی نے عوام سے معذرت خواہی کی ہے ۔ آر ایس ایس ، بی جے پی اور سنگھ پریوار کی جانب سے طویل عرصے سے حیدرآباد کا نام تبدیل کرنے کی مہم چلا رہی ہے ۔ جس کی تلنگانہ حکومت نے سخت مذمت کی اور ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے اس مہم پر اعتراض کیا اور مہم چلانے والوں پر تنقید کی ۔ ایک خانگی ٹراویل کمپنی کو اس مہم کا حصہ بننے پر خمیازہ اٹھانا پڑا ۔ سوشیل میڈیا پر عوام نے من مانی شہر کا نام تبدیل کرنے کی مذمت کی ۔ اسٹارٹپ کی حیثیت سے سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے دیکھتے ہی دیکھتے ترقی کرنے والے ٹراویل ایپ ixigo بس ، ٹرین اور فلائٹس کے ٹکٹ اس ایپ کے ذریعہ بک کئے جاسکتے ہیں ۔ چار سال قبل متعارف ہونے والے اس ایپ کے بے شمار یوزرس اور پسند کرنے والے ہیں ۔ حیدرآباد کے ایک شخص نے ixigo ویب سائیٹ میں بھاگیہ نگر ٹائیپ کرنے پر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ حیدرآباد کے نام سے اسکرین پر پیش ہوگیا جس پر اس شخص نے اعتراض کرتے ہوئے اس اسکرین شاٹ کو ٹوئیٹر پر پوسٹ کردیا اور تحریر میں لکھا کہ جس کو چاہئے اس کو حیدرآباد کا نام تبدیل کرنے کا اختیار کس نے دیا ہے ۔ یہ ٹوئیٹ منٹوں میں وائرل ہوگیا اور ixigo ٹراویل کمپنی پر عوام نے برہمی کا اظہار کیا اور اس کو بائیکاٹ ixigo کے نام سے ٹرینڈ کردیا ۔ عوامی برہمی پر ixigo نے ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ کوئی منظم سازش کا حصہ نہیں ہے ۔ انجانے میں ہونے والی غلطی ٹکنیکل ایررس کی وجہ سے ہوا ہے ۔ جس کیلئے کمپنی معذرت خواہ ہے ۔۔ ن