منسٹرس کوارٹرس میں اجلاس ، حضور آباد ضمنی انتخاب کا جائزہ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے اسمبلی حلقہ حضور آباد میں ٹی آر ایس کی سرگرمیوں کو عروج پر پہونچانے اور ترقیاتی و تعمیری کاموں کو جنگی خطوط پر تکمیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ منسٹرس کوارٹرس میں وزیر بہبود کے ایشور کی قیام گاہ پر وزراء کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں ہریش راؤ ، گنگولہ کملاکر ، کے ایشور ، اور تلنگانہ منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدر نشین بی ونود کمار شریک تھے جس میں ایٹالہ راجندر کے استعفیٰ کے بعد مجوزہ ضمنی انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کا جائزہ لیا گیا ۔ ہر منڈل کے لیے ایک وزیر کو انچارج بنانے میونسپلٹیز اور گرام پنچایتوں کے لیے ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل اور دوسرے عوامی منتخب نمائندوں کی خدمات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مذہب اور ذات پات طبقہ کے لحاظ سے رائے دہندوں کو ٹارگیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹربل شوٹر کا اعزاز رکھنے والے ہریش راؤ کو حالیہ دنوں میں چیف منسٹر کی جانب سے زیادہ اہمیت دی جارہی ہے ۔ مختلف کابینہ کے سب کمیٹیوں میں انہیں اہمیت دی جارہی ہے ۔ وزراء نے حالیہ ایٹالہ راجندر کے دورے حضور آباد کا جائزہ لیا گیا ۔ اس حلقہ میں 50 فیصد سے زیادہ بی سی ووٹرس ہیں ۔ اس کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وزراء کو زمینی سطح پر اتارنے پر غور کیا گیا ۔ ابھی تک کتنے ترقیاتی کام انجام دئیے گئے ہیں کتنے کام زیر التواء ہیں اس کی ایک رپورٹ تیار کی جارہی ہے ۔ حلقہ میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی و تعمیری کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دینے سے اتفاق کیا گیا ۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں سے مسلسل رابطہ میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پارٹی کے جو قائدین ناراض ہیں انہیں فوری منانے اور پارٹی کے ساتھ رکھنے کے لیے اہم قائدین کی ایک فہرست تیار کی گئی ۔۔