ٹرمنل1 کی چھت کا انہدام بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت: کانگریس

,

   

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے دہلی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1 کی چھت گرنے کے حادثے پر جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ناقص انفراسٹرکچر کے انہدام کیلئے بدعنوانی اور مجرمانہ لاپرواہی ذمہ دار ہے ۔کھرگے نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر کہاکہ دہلی ہوائی اڈے کے سانحے کے متاثرین کے تئیں ہماری دلی تعزیت۔ یہ سب لوگ بدعنوان، نااہل اور خود غرض حکومت کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے پچھلے 10 سالوں میں ناقص انفراسٹرکچر کی تباہی، بنیادی ڈھانچوں کے تاش کے پتوں کی طرح گرنے کیلئے بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت ذمہ دار ہے۔ کھرگے نے متعدد بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کی فہرست بھی درج کی جن کی مودی حکومت نے بہت زیادہ تشہیر کی تھی جو اس طرح کے بہتر طریقے سے نہیں چل سکے جیسا کہ حکمران پارٹی چاہتی تھی۔انہوں نے کہاکہ دہلی ہوائی اڈے (T1) کی چھت کا گرنا، جبل پور ہوائی اڈہ کی چھت گرنا، ایودھیا کی نئی سڑکوں کی ابتر حالت، رام مندر کا رساؤ، ممبئی ٹرانس ہاربر لنک روڈ میں دراڑیں، 2023 اور 2024 میں بہار میں گرنے والے 13 نئے پل، پرگتی میدان۔ گجرات میں سرنگ کا ڈوبنا، موربی پل گرنے کا سانحہ، یہ چند ایسی مثالیں ہیں جو مودی جی اور بی جے پی کے عالمی معیار کا انفراسٹرکچربنانے کے دعوؤں کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہیں۔سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب مودی جی نے 10 مارچ کو دہلی ایئرپورٹ T1 کا افتتاح کیا، تو انہوں نے خود کے بارے میں کہا تھا، “دوسری مٹی کا انسان…انہوں نے مزید کہاکہ یہ تمام جھوٹی بہادری اور بیان بازی صرف انتخابات سے پہلے پروجیکٹوں کے ربن کاٹنے کی رسومات میں جلدی کرنے کیلئے مخصوص تھی۔واضح رہے کہ ہوا بازی کے وزیر کے میڈیا کو دیے گئے بیان کے مطابق، دہلی ہوائی اڈہ کے حادثہ میں ایک شخص کی موت اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ ٹرمنل کا آپریشن دوپہر 2 بجے تک عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے ۔دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین نے بھی وزیراعظم مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے ناپختہ تعمیر کے باوجود عام انتخابات کے پیش نظر ٹرمنل 1 کا قبل از وقت افتتاح کردیا۔