واشنگٹن ۔6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں آباد ہندوستانی نژاد امریکی برادری نے ٹرمپ انتظامیہ سے خواہش کی ہے کہ وہ جموںو کشمیر میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کئے جانے کے ہندوستان کے فیصلہ کی بھرپور تائید کرے اور ساتھ ہی ساتھ پاکستان پر بھی دباؤ ڈالے کہ وہ سرحدپار سے دہشت گردانہ کارروائیوں کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے بند کردے ۔ آرٹیکل 370 کے ذریعہ جموںو کشمیر کو جو خصوصی موقف اور مراعات دی گئی تھیں اُن میں جموں و کشمیر کا علحدہ پرچم اور علحدہ دستور بھی شامل تھا ۔ ہند و امریکن فاؤنڈیشن (HAF) کے منیجنگ ڈائرکٹر سمیرا کالرا نے کہاکہ امریکہ اگر ہندوستان کے فیصلہ کی بھرپور تائید کرتا ہے تو اُس صورت میں مسئلہ کشمیر کی ہمیشہ کیلئے یکسوئی ہوجائے گی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی سے کشمیری پنڈتوں کی بھی وادی میں بازآبادکاری ہوگی۔
