واشنگٹن۔/28 ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر مواخذہ میں مختلف سوالات کے جوابات دینے کیلئے کانگریس نے امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے یوکرین کرٹ والکر کو حکم دیا ہے جس کے بعد والکر نے اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا۔ اس مسئلہ سے واقفیت رکھنے والے ایک ذمہ دار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی درخواست کے ساتھ والکر کے استعفی کی توثیق کی۔ یہ خبر سب سے پہلے آئریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے طلبہ کی طرف سے نکالے جانے والے جریدہ نے دی تھی۔ ایک نگراں ادارہ کی طرف سے جمعرات کو جاری کردہ شکایت میں کہا گیا تھا کہ والکر نے یوکرین کے سینئر عہدیداروں سے ملاقات کی تھی تاکہ صدر ٹرمپ کے مطالبات کے بارے میں بات چیت کی جاسکے۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر 25 جولائی 2011 کو ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران سابق امریکی صدر جوبیڈن کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کیلئے دباؤ ڈالا تھا۔
