ٹرمپ امریکی قیدی سے ملاقات کریں گے

   

واشنگٹن ۔ 7 اکتوبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ منگل کو ایڈن الیگزینڈر سے ملاقات کریں گے، وائٹ ہاؤس نے پیر کو کہا۔ مئی میں جب حماس نے انہیں حوالے کیا تو خیال تھا کہ غزہ میں موجود قیدیوں میں یہ آخری زندہ بچ جانے والے امریکی قیدی تھے۔یاد رہے کہ آج سات اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کی دوسری برسی منائی جا رہی ہے۔الیگزینڈر کے ساتھ صدر ٹرمپ کی ملاقات اس وقت ہو رہی ہے جب انہوں نے گذشتہ ہفتے غزہ کے مستقبل کے لیے حالیہ تجویز پیش کی جس میں انکلیو میں اسرائیل کی جنگ کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ ملاقات منگل کو (آج) سہ پہر تین بجے وائٹ ہاؤس میں طے شدہ ہے۔اسرائیل اور حماس کے وفود نے پیر کو مصر میں ٹرمپ منصوبہ پر بالواسطہ مذاکرات کیے جس میں اسرائیل کی غزہ سے دستبرداری اور حماس کو غیر مسلح کرنے کے مطالبات جیسے متنازعہ مسائل پر بحث و تکرار ہوئی۔اسرائیل اور حماس دونوں نے ٹرمپ منصوبے کے پسِ پردہ مجموعی اصولوں کی تائید کی ہے جسے عرب اور مغربی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے۔