واشنگٹن، 20 مئی (یواین آئی) وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے اُن خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں کہا جا رہا تھا کہ قطر، ٹرمپ انتظامیہ کو یہ طیارہ بطور تحفہ دے رہا ہے ، جو ان کی دوسری مدتِ صدارت کے دوران صدارتی طیارے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ یہ خبریں امریکی چینل سی این این کی رپورٹ کے بعد سامنے آئی تھیں۔ غیرملکی رپورٹ کے مطابق انہوں نے پیر کے روز واضح کیا ہے کہ جس قطری طیارے کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قبولیت کی بات کی جا رہی ہے وہ دراصل امریکی فضائیہ کے منصوبے کا حصہ ہے اور اس کا ٹرمپ سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے ان اطلاعات کو “میڈیا کی گمراہ کن مہم قرار دیا اور کہا کہ ان خبروں نے عوام کو غلط فہمی میں مبتلا کیا ہے ۔ ترجمان نے مزید کہاکہ یہ بات بالکل واضح ہونی چاہیے کہ حکومت قطر نے یہ طیارہ امریکی فضائیہ کو بطور عطیہ پیش کیا ہے اور یہ عطیہ قانونی و اخلاقی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قبول کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ طیارے کو امریکی وزارت دفاع اور فضائیہ کے تحت جدید ترین تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ کسی ایک فرد یا صدر کے لیے تحفہ نہیں بلکہ ہماری قوم اور امریکی فضائیہ کے لیے ایک اثاثہ ہے ۔کیرولین لیویٹ نے زور دیا کہ ان رپورٹس میں جو دعوے کیے گئے وہ درست نہیں اور جن صحافیوں نے ایسی خبریں پھیلائیں، انہیں اب اپنی رپورٹس کی تصحیح کرنی چاہیے ۔