ٹرمپ انتظامیہ ہندو پاک مذاکرات بحالی کی خواہاں

   

واشنگٹن، 14 مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان اور پاکستان کو اپنے تنازعات کے حل کے لیے اکٹھے ڈنر کی ٹیبل پر بیٹھنے کا مشورہ دینے کے چند گھنٹے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن اب دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان براہ راست رابطے کی حوصلہ افزائی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق ریاض میں سعودی۔امریکہ سرمایہ کاری فورم سے صدر ٹرمپ کے خطاب کے بعد واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ٹومی پِگوٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ اب پاکستان اور ہندوستان کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔پِگوٹ نے کہا کہ ہم اس ہفتے کے آخر میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں اور دونوں وزرائے اعظم کو امن کا راستہ اختیار کرنے پر سراہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہم فریقین کے درمیان براہ راست رابطے کی بھی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔جب ٹومی پِگوٹ سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان نے اُن دہشت گرد سرگرمیوں کو روکنے کے حوالے سے کوئی یقین دہانی کرائی ہے جن کا ہندوستان الزام لگاتا ہے ، تو انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا، لیکن واشنگٹن کی جانب سے مذاکرات کی حمایت کا اعادہ کیا۔ٹومی پِگوٹ نے کہا کہ ہم اس بارے میں واضح رہے ہیں، ہم مسلسل براہ راست روابط کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، صدر بھی اس بارے میں واضح موقف رکھتے ہیں اور انہوں نے دونوں وزرائے اعظم کو امن اور دانش کا راستہ اپنانے پر سراہا ہے ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ ہندوستان کی جانب سے امریکہ کے کردار کو مسترد کیے جانے پر واشنگٹن کا ردعمل کیا ہے ، تو پِگوٹ نے کہا کہ میں اس پر قیاس آرائی نہیں کروں گا، میں صرف یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہم براہ راست روابط کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں پاکستان کی بعض محفوظ ایٹمی تنصیبات سے تابکاری کے اخراج کی خبریں سامنے آنے کے بعد، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ نے کوئی ٹیم پاکستان بھیجی ہے ، تو انہوں نے جواب دیا کہ میرے پاس اس وقت اس بارے میں بتانے کے لیے کچھ نہیں ہے ۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا رویہ واشنگٹن کے لیے مایوس کن ہے ، تو ترجمان نے کسی بھی تنقید سے گریز کیا، انہوں نے کہا کہ ہم جس چیز پر خوش ہیں وہ جنگ بندی ہے ، یہی چیز ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے ، ہماری توجہ اسی پر مرکوز ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ جنگ بندی برقرار رہے اور ہم براہ راست روابط کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ جنگ بندی پر ہے ، ہماری توجہ براہ راست روابط کی حوصلہ افزائی پر ہے ، یہی ہماری ترجیح رہے گی، صدر اس پر بات کر چکے ہیں۔پِگوٹ سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ اگر صدر ٹرمپ کشمیر کا تنازعہ حل کرانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تو کیا وہ نوبیل امن انعام کے حقدار ہوں گے ؟۔