ٹرمپ اور اسٹارمر کے شراکت داری معاہدے پر دستخط

   

لندن ۔18؍ستمبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیرِاعظم کیئرا سٹارمر نے جمعرات کو باضابطہ طور پر ٹیکنالوجی میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت، کوانٹم کمپیوٹنگ اور جوہری توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے اپنی سرکاری رہائش میں اس معاہدے کو ’تاریخی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا سرمایہ کاری پیکیج ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے معاہدے پر دستخط کے بعد امریکہ اور برطانیہ کے درمیان ناقابلِ شکست تعلق کی تعریف کی۔ برطانیہ اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں یہ معاہدہ صدر ٹرمپ کے شاہی دورے کے دوسرے دن ہوا۔ایک دن قبل بادشاہ چارلس سوم نے ٹرمپ کا ونڈسر کاسل میں شاہانہ جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیااور ٹرمپ نے ا سٹارمر کی رہائش گاہ کا رخ کیا جہاں انہوں نے یوکرین اور غزہ میں جنگ جیسے مشکل معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک میں معاہدے کے تحت مائیکرو سافٹ، گوگل، بلیک سٹون سمیت متعدد بڑی امریکی کمپنیوں نے برطانیہ میں آنے والے برسوں کے دوران 150 ارب پاؤنڈز کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔