شرم الشیخ کے اجلاس میں اقوام متحدہ سمیت 20 سے زائد ممالک کے قائدین کی شرکت
حماس شریک نہیں ہوگی‘وزیر اعظم مودی کی جگہ وزیر مملکت کیرتی وردھن سنگھ نمائندگی کریں گے
قاہرہ۔12اکتوبر( ایجنسیز )امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی پیر کو شرم الشیخ میں غزہ امن سمٹ کی صدارت کریں گے جس میں اقوام متحدہ کے سربراہ سمیت دنیا کے کئی رہنما شرکت کریں گے۔میڈیاکے مطابق صدر السیسی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں ہونے والے اجلاس میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔اس اجلاس کا مقصد غزہ کی پٹی میں جنگ کا خاتمہ، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی کوششوں کو فروغ دینا اور علاقائی سلامتی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنا ہے۔اتوار کو مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس ’تاریخی‘ اجلاس کے دوران غزہ کی پٹی میں جنگ ختم کرنے سے متعلق ایک دستاویز پر دستخط کی توقع ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ سمٹ امن و سلامتی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے اور غزہ میں فلسطینی عوام کی تکالیف کم کرنے کے لیے منعقد کی جارہی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے شرکت کی تصدیق کی ہے جبکہ برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر، اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی اور اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز بھی شریک ہوں گے۔فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں اور ترک صدر صدر رجب طیب اردوغان بھی شرم الشیخ روانہ ہوں گے۔یورپی کونسل کی نمائندگی اس کے صدر انتونیو کوسٹا کریں گے۔مصر کی غزہ امن چوٹی کانفرنس میں کیرتی وردھن سنگھ ہندوستان کے نمائندہ ہوں گے۔ اجلاس میں وزیر اعظم مودی کو مدعو کیا گیا تھا لیکن ان کی جگہ کیرتی وردھن سنگھ شرکت کریں گے۔