ابوظہبی: امارات نیوز ایجنسی (وام) کی اطلاع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے واشنگٹن اور ابوظہبی کے درمیان تزویری اہمیت کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید کے حالیہ دورہ امریکہ پر بھی بات کی۔دورے کے دوران متحدہ عرب امارات نے امریکہ میں 1.4 ٹریلین ڈالر کی 10 سالہ سرمایہ کاری کا عہد کیا جو مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر، سیمی کنڈکٹرز، توانائی اور امریکی مینوفیکچرنگ پر مرکوز ہے۔غزہ پر وام نے اطلاع دی کہ شیخ محمد نے سنگین انسانی صورتحال کے پیشِ نظر غزہ کے لوگوں کو اہم انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایک جامع، منصفانہ اور خطے میں دیرپا امن” کی بنیاد کے طور پر دو ریاستی حل کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت کی بھی توثیق کی “جو فریقین اور تمام لوگوں کے لیے سلامتی اور استحکام کی ضمانت دے۔